(علی اکبر) چین کے نائب صدر وانگ چی شن لاہور پہنچ گئے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور ائیر پورٹ پر چین کے نائب صدر کا پرتپاک استقبال کیا، چین کے نائب صدر نے سردار عثمان بزدار سے پرجوش مصافحہ کیا جبکہ بچیوں نے اس موقع پر چین کے نائب صدر کو گلدستے پیش کیے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کا چین کے نائب صدر سے تعارف کرایا، چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے وزراء سے ہاتھ بھی ملایا، صوبائی وزراء نے چین کے نائب صدر کو لاہو رپہنچنے پر خوش آمدید کہا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھائی کو لاہور کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں،آپ کی آمد پر ہم سر تا پا استقبال ہیں اور آپ کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز ہے، آپ کے دورے سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور آپ کا دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے نائب صدر کی آمد پر سمجھوتوں اور یاد داشتوں پر دستخط معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے، وانگ چی شن اہل چین کی طرف سے محبتوں کے سندیسے لائے ہیں۔
اس موقع پر چین کے سفیر یاجنگ، چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بنگ اور چینی دیگر ارکان بھی موجود تھے, بعد ازاں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے ہائر روبا اکنامک زون کا دورہ کیا اور اس کے مختلف شعبے دیکھے, وزیراعلیٰ اور چینی نائب صدر کو اس موقع پربریفنگ بھی دی گئی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور چین کے نائب صدر وانگ چی شن کی ملاقات میں صنعت، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبو ں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں پنجاب اور چین کے بڑے شہروں کے درمیان اشتراک کار کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غربت کے خاتمے کے لئے چین کے بے مثال ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے، چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کرپشن کے خاتمے کیلئے بے پناہ کام کیا ہے،کرپشن کے خاتمے کے لئے چین ہمارے لئے رول ماڈل ہے، علاقائی خود مختاری اور قومی سلامتی کے امور پر چین کا تعاون قابل قدر ہے، پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے, پاکستان اور چین کی دوستی آئندہ نسلوں کیلئے اثاثہ ہے، پاکستان اور چین ترقی کے نئے سفر پر گامزن ہیں اور پاک چین دوستی کا بندھن رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔
وزیراعلی نے کہا کہ نئے پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے، چین کی سرکاری ونجی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس موقع پر چینی نائب صدر نے کہاکہ چین کے صدر کی ہدایت پر پاکستان آیا ہوں، دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے، لاہور آکر بہت پیار ملا ہے،لاہور پاکستان کا تاریخی شہر اور دل ہے، جس نے لاہور نہیں دیکھا اس نے پاکستان نہیں دیکھا۔ ترقی کے سفر میں پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔
وانگ چی شن نے کہاکہ سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہواہے،اقتصادی تعاون بڑھا کر صنعتی ترقی کا عمل تیز کرنا ضروری ہے، پاکستان اورچین کی دوستی پہلے سے کئی زیادہ پائیدار بنیادوں پر استوار ہے۔