درِ نایاب: محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے کفایت شعاری مہم کے تحت اپنے ذیلی اداروں اور اتھارٹیوں کے بورڈ ممبران کی فیس میں 100 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ احکامات سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایات پر جاری کیے گئے، جبکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے جاری احکامات کی روشنی میں عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق کفایت شعاری مہم کی مقررہ تاریخ کے بعد ہونے والے بورڈ اجلاس کی فہرستیں تیار کر کے چیف سیکرٹری آفس میں جمع کروائی گئی ہیں، جن میں بورڈ ممبران کی تعداد اور فیس کا مکمل ریکارڈ شامل ہے۔ احکامات تمام اتھارٹیوں اور ایجنسیوں پر لاگو ہوں گے اور ان کا اطلاق اگلے دو ماہ تک جاری رہے گا۔
مزید بتایا گیا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کیا گیا اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر بورڈ فیس میں یہ کٹوتی ناگزیر قرار دی گئی ہے تاکہ وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔