ویب ڈیسک: سیاسی منظر نامے پر بڑی پیشرفت۔۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان چودھری پرویزالہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے پرآمادہ ہوگئے ہیں، اس حوالے سے حکومتی وفد نے ق لیگ کی قیادت کو آگاہ بھی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے اتحادیوں کو منانے اور گلے شکوے دور کرنے کا مشن جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں حکومتی وفد آج پھر چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پہنچا۔حکومتی وفد میں شاہ محمود قریشی،اسد عمر اور پرویز خٹک شامل تھے جبکہ ق لیگ کی جانب سے پرویزالہٰی ،وجاہت حسین،مونس الہٰی،سالک حسین ،طارق چیمہ ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں تحریک عدم اعتماد، سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور وزیر اعظم کا اہم پیغام چودھری پرویزالہی کو پہنچایا۔
حکومتی وفد نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان چودھری پرویزالہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے پرآمادہ ہوگئے ہیں ، پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ دینے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔
یاد رہے ہفتے کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی چودھری پرویز الہی سے ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام چودھری برادران تک پہنچایا تھا۔
پی ٹی آئی وزرا نے کہا تھا کہ ہم وزیراعظم کا مکمل اعتماد لے کر آئے ہیں ، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کا ارادہ رکھتےہیں تاہم تبدیلی کب کرنی ہے،نہیں بتایا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ق لیگ نے ایک بار پھر حکومت کے سامنے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ رکھتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں کلئیر بتائیں ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلےکلئیر کریں،بعد میں کوئی فائدہ نہیں۔