ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 آزاد کشمیر میں پرامن، شفاف اور منظم انتخابات کا انعقاد ہوا، عطاء اللہ تارڑ

  آزاد کشمیر میں پرامن، شفاف اور منظم انتخابات کا انعقاد ہوا، عطاء اللہ تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولا کوٹ، آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن، شفاف اور منظم انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور کشمیری عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر انتخابی عمل میں شرکت کی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ راولا کوٹ میں تقریباً چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے، جبکہ انتخابی مہم کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں نے جلسے، کارنر میٹنگز اور دیگر انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ ان کے مطابق عوام کا انتخابی عمل میں جوش و خروش قابلِ دید تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور دیگر سیاسی جماعتیں انتخابی عمل میں متحرک رہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی پرامن اور شفاف انتخابات کو قبول نہ کر سکی۔

عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ کی پریس کانفرنس میں اس حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اور ایک پرتشدد جتھے نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس گروہ سے ممنوعہ اسلحہ بھی برآمد ہوا اور وہ بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ کے تحت سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی کو بھی تشدد یا بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق عوام ایسے عناصر کے عزائم سے آگاہ ہیں اور حکومت کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائے گی۔