ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکلر ڈیٹ اور بجلی شعبے کے نقصانات میں نمایاں کمی، پاور ڈویژن کا اصلاحات مؤثر قرار

سرکلر ڈیٹ اور بجلی شعبے کے نقصانات میں نمایاں کمی، پاور ڈویژن کا اصلاحات مؤثر قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

انور عباس: ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث سرکلر ڈیٹ اور تقسیم کار کمپنیوں کے مالی نقصانات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق مالی سال 2023-24 میں پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2 ہزار 393 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر ایک ہزار 614 ارب روپے رہ گیا۔

تاہم مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں پاور سیکٹر کے لیے مختص 893 ارب روپے میں سے 98 ارب روپے کی کٹوتی کے باعث سرکلر ڈیٹ میں 61 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ کی مکمل رقم فراہم کی جاتی تو سرکلر ڈیٹ مزید کم ہو کر ایک ہزار 577 ارب روپے تک آ جاتا۔

ترجمان نے بتایا کہ تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات بھی مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ مالی سال 2023-24 میں یہ نقصانات 591 ارب روپے تھے، جو مالی سال 2024-25 میں 193 ارب روپے کم ہو کر 397 ارب روپے رہ گئے۔ رواں مالی سال میں ان نقصانات کو مزید کم کرکے 326 ارب روپے تک لایا گیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات میں 265 ارب روپے کی کمی آ چکی ہے، جو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ بجٹ میں کی گئی کٹوتی ایک وقتی مالیاتی معاملہ تھا، جبکہ اصلاحاتی عمل بدستور جاری ہے تاکہ بجلی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم اور صارفین کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔