علی رامے:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 29 جولائی سے 5 اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنائے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں، آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے احتیاط کریں اور بچوں کو جمع شدہ پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔