ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر، سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکارہ جنت مرزا نے ایک بھارتی فلم میں کارتک آریان کے ساتھ کاسٹ ہونے کی پیشکش کے بیان پر انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جس پر اُنہوں نےسوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے حاسدین قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں جنت مرزا نے بتایا تھا کہ انہیں بھارت میں بننے والی ایک فلم میں کارتک آریان کے مدمقابل کردار کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے یہ آفر اپنے والدین کی اجازت نہ ہونے کے باعث ٹھکرا دی۔
انٹرٹینمنٹ پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جنت مرزا نے کہا کہ مجھے ایک بھارتی فلم کے لیے سائن کیا جا رہا تھا، جس میں کارتک آریان کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن میرے والدین مجھے بھارت جا کر کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے انکار کرنا پڑا۔

اس بیان کے بعد جنت مرزا کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض صارفین نے انہیں ’لائم لائٹ میں آنے کی کوشش‘ قرار دیا جبکہ کچھ نے کہا کہ وہ ہمیشہ خود کو خبروں میں رکھنے کے لیے متنازع بیانات دیتی ہیں۔
اب تنقید کا جواب دیتے ہوئے جنت مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں بغیر کسی کا نام لیے ناقدین کو "حاسد" قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات لوگ دکھاوا نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اپنی خوشیاں اور کامیابیاں شیئر کر رہے ہوتے ہیں۔ جب تک آپ انہیں حسد کی نظر سے نہ دیکھیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اپنی نیتیں صاف کریں، تبھی دوسروں کی کامیابی برداشت ہو سکے گی۔