سٹی42:آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات ہوئی ،اجلاس میں پاور ڈویژن اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اپٹما وفد نے برآمدی شعبے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ سے ملاقات اپٹما وفد کی قیادت چیئرمین کامران ارشد نے کی اپٹما وفد کی جانب سے کہا گیا کہ ملکی ایکسپورٹس کو عالمی منڈی میں سخت مقابلے کا سامنا ہے۔بڑھتی کاروباری لاگت پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے ۔توانائی، ٹیکس اور ریگولیٹری اخراجات مسابقت کو متاثر کر رہے ہیں۔پالیسی میں تسلسل اور استحکام کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی برآمدات اور روزگار میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو اقتصادی اصلاحات کے فریم ورک میں سپورٹ کرے گی۔بزنس کےلیے سازگار اور منصفانہ ماحول حکومت کی ترجیح ہے ۔توانائی کی قیمتیں اور دستیابی ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے اہم مسئلہ ہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ توانائی کی لاگت کم کرنے کے آپشنز زیر غور ہیں۔ حکومت مالی نظم و ضبط کے ساتھ صنعتی مسابقت بہتر بنانا چاہتی ہے۔توانائی کے شعبے میں اصلاحات متوازن انداز میں کی جا رہی ہیں۔فوری نوعیت کے صنعتی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔پالیسی نوعیت کے معاملات بجٹ اور ادارہ جاتی عمل کے تحت حل ہوں گے۔