ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیپلز پارٹی کا عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان
کیپشن: Imran Khan
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: عمران خان کا اپنے قتل کے لیے آصف علی زرداری پر دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دینے کے الزام پر پیپلز پارٹی نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمر زمان کائرہ، نیّر بخاری اور فرحت اللّٰہ بابر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا آصف علی زرداری پر الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔اس موقع پر نیّر بخاری نے کہا کہ عمران خان کی الزام لگانے کی روایت نئی نہیں، وہ آج تک الزامات کو ثابت نہیں کر سکا اور نہ کسی فورم پر گیا، وہ سیاسی طور پر مر چکا ہے، وہ ڈپریشن اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں عمران خان اداروں، الیکشن کمیشن، سابق آرمی چیف پر الزام لگاتا ہے، عمران خان کو لیگل نوٹس جاری کر رہے ہیں۔فرحت اللّٰہ بابر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ زرداری صاحب نے اسے قتل کرنے کے لیے دہشت گرد تنظیموں سے رابطہ کیا، اقتدار سے محروم ہو جانے کی وجہ سے ان کا ذہنی توازن خراب ہو گیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ہوا ہم نے کہا تھا کمیشن بنائیں، ان کی الزام تراشیوں کی مذمت کرتے ہیں، جب کئی اداروں کے سربراہان عمران خان کو سپورٹ کرتے تو وہ ایک پیج تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب ادارے نیوٹرل ہو گئے تو عمران خان ان کے خلاف ان کے پیچھے پڑ گئے، ان کی سیاست جمہوری نہیں فاشسٹ سیاست ہے، انہوں نے ایک باقاعدہ الزام لگایا کہ ہماری قیادت نے دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دیے جس میں اداروں کے لوگ شامل ہیں، یہ انتہائی گھناؤنا الزام ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آصف زرداری پر اپنے قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا تھا۔

کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے انہیں قتل کروانےکے لیے ایک دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے اور طاقتور لوگ منصوبے میں سہولت کار ہیں۔

عمران خان نے کہاتھا کہ مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے کروایا، میں نے ان کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کا پتہ چلے۔انہو ں نے کہا تھا کہ ان کا پلان ہے کہ کسی طرح سے مجھے راستے سے ہٹایا جائے، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو ہرایا جائے۔