سٹی 42 :سوشل میڈیا نے جہاں فاصلے کم کیے تو سماجی فاصلے بڑھائے،اس کے فائدے ہیں تو نقصانات بھی ہیں۔سوشل میڈیا نوجوانوں کی ذہنی صحت پر کس طریقے سے منفی اثرات مرتب کر رہا ہے؟ اس حوالے سے ماہرین نے نئی تحقیق میں پریشان کن انکشافات کر دیئے ہیں۔
میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال نوجوانوں کی ذہنی صحت میں تیزی سے گراوٹ کا سبب بن رہا ہے اور ان میں خوداعتمادی کو تباہ کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا کا یہ منفی اثر سب سے زیادہ 14سے17سال عمر کی لڑکیوں پر پڑ رہا ہے اور وہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 5ہزار نوجوان لڑکے لڑکیوں پر کیے گئے اس تحقیقاتی سروے کے نتائج میں بتایا ہے کہ ”سوشل میڈیا کے استعمال کی وجہ سے لڑکیوں میں اپنی ظاہری شکل و صورت سے عدم اطمینان کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ 11سال کی لڑکیوں میں یہ شرح 15فیصد اور 14سال کی لڑکیوں میں 29فیصد بڑھ چکی ہے۔
سوشل میڈیا 14سے 17سال عمر کی لڑکیوں میں خوداعتمادی کو نقصان پہنچاتا ہے جبکہ لڑکوں میں یہ نقصان ’ ٹین ایج‘ کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔ اس اعتبار سے سوشل میڈیا لڑکیوں کی نسبت لڑکوں کی خوداعتمادی کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔