طیب سیف: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کے دوران غیر قانونی بین الاقوامی سمز کی فروخت میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمدسلمان بٹ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں گلشن علی کالونی لاہور سے گرفتار کیا گیا، چھاپہ مار کاروائی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزم سے 58 غیر قانونی سمز اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم بین الاقوامی سمز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ہے، جو سوشل میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی سمز کی خریدوفروخت کرتا تھا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی نمبرز غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہوتے ہیں، یہ سمز بلیک میلنگ، بھتہ خوری، فراڈ، جعلی سکیموں اور آن لائن مالیاتی فراڈ میں استعمال ہوتی تھیں۔