سینیٹ انتخابات، عبدالحفیظ شیخ کی کامیابی خطرے میں پڑ گئی

سینیٹ انتخابات، عبدالحفیظ شیخ کی کامیابی خطرے میں پڑ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ) پنجاب میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی کے بعد حکومتی جماعت کو وفاق میں مشکلات کا سامنا، ارکان اسمبلی وزیراعظم سے ناراض، اپ سیٹ کا خطرہ منڈلانے لگا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو پنجاب میں بلامقابلہ کامیابی کے بعد وفاق میں عبدالحفیظ شیخ کی نشست کے لئے خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان سے ناراض پی ٹی آئی اراکین کے گلے شکوے دور نہیں ہوسکے ہیں۔

 گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو حکومتی ایم این ایز کو منانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ارکان اسمبلی کو یہ گلہ ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف اور وزیر اعظم کو چند ارکان نے اپنے نرغے میں لے رکھا ہے جبکہ وزیر اعظم ارکان کو ملنے کا بھی وقت نہیں دیتے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو منانے کے لیے حکومتی کوششوں کو خاطر خواہ کامیابی نہ ملی ہے، پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارسید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حکومتی اراکین کے چند ووٹ انہیں ملنے کے دعویٰ نے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے  کہا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان بھی تحریک انصاف کو اب پسند نہیں کرتے، سینیٹ الیکشن میں ان کے ارکان بھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے اور ووٹ دینے کو تیار نہیں، کیونکہ عمران خان کی کارکردگی سے ان کے ووٹ بینک پر اثر پڑا ہے، عمران خان کو ووٹ دینے کا مطلب ووٹ چور کو جتوانا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer