( حسن علی ) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 31 دسمبر 2019 سے صنعتی شعبے کی آر ایل این جی بحال کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ سی این جی سیکٹر کو بھی جلد گیس بحال کر دی جائے گی۔
سوئی نادرن گیس کمپنی کی جانب سے صنعتی سیکٹر کو گیس بحالی کا فیصلہ مول گیس فیلڈ سے گیس سپلائی کی بحالی اور آر ایل این جی سپلائی میں اضافے کے بعد کیا گیا۔ سوئی گیس ترجمان کے مطابق صنعتی شعبے کو گیس سپلائی کی بحالی کے بعد سی این جی اسٹیشنز کو بھی جلد گیس بحال کردی جائے گی۔
گیس سپلائی کی بندش کا فیصلہ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں دسمبر میں پڑنے والی ریکارڈ سردی کے باعث لینا پڑا تھا۔ ترجمان کے مطابق دسمبر 2018 میں گھریلو شعبے کو اوسطاً محض 150 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی فراہم کی گئی تھی جو رواں سال دسمبر کے آخری ہفتے میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کرگئی تاہم ترجیحی شعبوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمپنی کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔