ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے تمام جرائم پیشہ افراد کا مرکزی ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ

پاکستان کے تمام جرائم پیشہ افراد کا مرکزی ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک:وزارت داخلہ نے ملک بھر میں جرائم میں ملوث افراد کا مرکزی اور جامع ڈیٹا بیس تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے معلومات جمع کرکے وفاقی سطح پر فیڈرل کرائم لسٹ (FCL) مرتب کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جرائم سے متعلق ڈیٹا نیشنل پولیس بیورو کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اکٹھا کیا جائے گا، جس میں تمام صوبوں کی پولیس، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ریکارڈ شامل کیا جائے گا۔

وفاقی کرائم لسٹ میں سنگین اور ناقابلِ ضمانت جرائم میں ملوث افراد کے علاوہ اشتہاری ملزمان، عدالتی مفرور، وارنٹ گرفتاری یا حراستی احکامات رکھنے والے افراد کا ڈیٹا بھی شامل ہوگا۔

کالعدم تنظیموں کے ارکان و عہدیداران، بین الصوبائی و بین الاقوامی منظم جرائم میں ملوث افراد، منشیات اسمگلرز، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی انسانی منتقلی میں ملوث عناصر بھی فہرست کا حصہ ہوں گے۔

اسی طرح دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ، سائبر کرائم اور مالی فراڈ میں ملوث افراد کا ریکارڈ بھی وفاقی کرائم لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ بھیک مانگنے سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کو بھی فہرست میں شامل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

انٹرپول کے ریڈ نوٹس یا دیگر متعلقہ الرٹس کا سامنا کرنے والے افراد کا ڈیٹا بھی ایف سی ایل میں شامل ہوگا۔ اشتہاری، مفرور اور مطلوب ملزمان کی معلومات ملک بھر کے متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کرائم لسٹ میں شامل ہر فرد کو ایک منفرد قومی کریمنل شناختی نمبر جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کے ذریعے متعلقہ شخص کا مجرمانہ ریکارڈ مرکزی نظام میں شناخت کیا جاسکے گا۔