ویب ڈیسک : پاکستان سپر لیگ 10 میں پشاور زلمی کے بابر اعطم کو آؤٹ کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے گراؤنڈ میں غصہ دکھاتے ہوئے جارحانہ انداز میں جشن منایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد عامر نے بابراعظم کو 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا اور آؤٹ کرنے کے بعد بالی ووڈ فلم پشپا کے اسٹائل میں گلے کے نیچے سے ہاتھ گھماتے ہوئے دھماکے کا اشارہ بھی کیا جس پرکوئٹہ کےمینٹور ویون رچرڈز انھیں ٹھنڈا رہنے کا اشارہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
محمد عامر کے اس انداز پر کسی نے ان کی حمایت کی تو کوئی انہیں تنقید کا نشانہ بناتا نظرآیا، میچ کے بعد فاسٹ بولر نے پریس کانفرنس میں اپنے اس انداز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جارحانہ انداز فاسٹ بولر کی خوبصورتی ہوتا ہے۔
پی ایس ایل 10 میں بابراعظم کو دوسری مرتبہ آؤٹ کرنے کے سوال پر محمد عامر نے جواب دیا کہ بابر اعظم بڑا پلیئر ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے، اور اگر مجھے کامیابی مل رہی ہے تو ملنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا سارا فوکس بولنگ پر ہوتا ہے اس لیے مجھے کامیابی ملنے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔ محمد عامر نے کہا کہ میرا یہی پلان ہوتا ہے کہ اگر نیا گیند سوئنگ ہورہا ہے تو میں اس کو جتنا چاہے استعمال کروں پھر وہ چاہے صائم ایوب ہو یا بابر اعظم ہو۔
بابر اعظم نے اس حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آخری 2 میچوں میں اوس نہیں تھی لیکن ہمارے میچ میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیک نہیں کھیلیں گے تو آؤٹ ہی ہوں گے پھر سامنے جو بھی بولر ہو تو جب غلطی کریں گے تو ایسا ہو گا اور یہ چیزیں ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہیں۔