سٹی 42: کیسز میں مزید اضافہ ہوا تو کرفیو لگانا پڑے گا،کمشنر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے سٹی فورٹی ٹو کے مارننگ شو سٹی ایٹ ٹین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام احتیاط نہیں کرے گی تو صورتحال سنگین ہونے کی صورت میں مکمل لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق سٹی فورٹی ٹو کے مارننگ شو سٹی ایٹ ٹین سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہری کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، ایسا نہ کیا تو حالات خراب ہوں گے۔ پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت شروع سے مکمل لاک ڈاؤن نہیں چاہتی، اسی لیے عوام سے گزارش ہے کہ ایس او پیز پر عملدآمد کریں،ہم آج بھی احتیاط کے ذریعے صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔
دوسری جانب شہر میں کورونا وائرس کے جاں لیوا حملے جاری ہیں۔ مزید 49 لاہوریئے کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ شہر میں کورونا کے مزید 1 ہزار 257 نئے مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں 1 ہزار 261 مریض جبکہ ہسپتالوں میں کورونا کے 823 کنفرم مریض زیر علاج ہیں اور 273 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد ہو گئی، ایک ہفتے میں 10 سال تک کے 173 بچے کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 10 سے 20 سال کے 492 بچےکورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔
ادھر لیسکو میں کورونا وائرس کیسز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ سامنے آ گیا ہے۔کمپنی میں مجموعی طور پر 78 افسران و ملازمین مین کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دو ہفتے قبل کمپنی میں اٹھارہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے، تاہم دو ہفتے کے دوران کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور تعداد 78 تک پہنچ گئی۔
کمپنی کے جنرل مینجرز، چیف انجینئرز، مینجرز میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، اسی طرح ڈپٹی مینجرز ، ایس ڈی اوز سمیت ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، زیادہ تر آپریشن ونگ، جی ایس او اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔