ریس کورس پارک میں لاہوریوں کیلئے سیلفی پوائنٹ تیار

 ریس کورس پارک میں لاہوریوں کیلئے سیلفی پوائنٹ تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(درنایاب)زندہ دل لاہورکےسیلفی بادشاہوں کیلئے خوشخبری، پی ایچ اے نے  ریس کورس جیلانی پارک میں سیلفی پوائنٹ تیار کرلیا، لاک ڈاؤن کھلنے اور حالات معمول پر آنے کے بعد شہریوں کیلئے کھولا جائے گا۔

سیلفی دور حاضر کے نوجوانوں کا پسندیدہ ترین مشغلہ ہے، جو اب ہر عمر کے افراد کی پسند بن چکا ہے، تفریحی مقامات ہوں یا بازار، عوامی ونجی تقریبات ہوں یا تعلیمی ادارے، سبھی جگہوں پر لوگ  سیلفی لیتے دکھائی دیتے ہیں، سیلفی فیور میں صرف عام افراد نہیں سیاسی و سماجی شخصیات، گلوکار اور فلمی ستارے بھی بری طرح مبتلا ہیں،آج کل لوگ اچھی سیلفی بنانے کے لیے جدید موبائل فون، ٹیبلٹ اور مختلف ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں، سیلفی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ 2013 میں اسے آکسفورڈ ڈکشنری میں شامل کرکے ’’ورڈ آف دی ائیر قرار‘‘ دیا گیا۔

سیلفی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے ہی کمپنیاں اور موجدین کی توجہ بھی اس ٹیکنالوجی کو دلچسپ اور جدید ترین رُخ دینے کی جانب مبذول ہوچکی ہے اور ایسی ڈیوائسز  مارکیٹ میں آچکی ہیں جو انتہائی دلچسپ ہیں، جن میں سیلفی مرر، سیلفی برش، سیلفی ہیٹ، سیلفی ٹوسٹر، سیلفی رنگ اور سیلفی رموٹ کنٹرول ہے۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے بھی سیلفی بنانے کے بڑھتے رحجان کو دیکھتے ہوئے شہر کے وسط میں ریس کورس جیلانی پارک میں شہریوں کو تصاویر لینے کی سہولت دینے کیلئے سیلفی پوائنٹ بنایا ہے،   ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان کے مطابق سیلفی پوائنٹ لاک ڈاؤن کے بعد حالات معمول پر آنے کے بعد شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔

ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان کا کہنا ہےکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی شہریوں کیلئے پارکس اور تفریحی مقامات لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد احتیاطی تدابیر کیساتھ کھولے گی، جیلانی پارک کی طرح دیگر پارکوں میں بھی سیلفی پوائنٹ بنائے جائیں گے۔

ڈی جی پی ایچ اےمظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ سیلفی پوائنٹ پارکوں کے حسن میں اضافہ کیساتھ اہل لاہور کی توجہ کا مرکز ہوں گے، لاک ڈاؤن کے بعد جیلانی پارک میں سیلفی پوائنٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer