جنید ریاض : صوبائی وزیر تعلیم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ضلع لاہور میں " تعلیم گھر" ٹی وی کی نشریات بیشتر علاقوں میں دستیاب نہیں۔ جس کے باعث شہر میں 7 لاکھ سے زائد طلباء کا مستقل دائو پر لگ گیا ہے-
تفصیلات کے مطابق ضلع لاہور میں " تعلیم گھر" ٹی وی کی نشریات بیشتر علاقوں میں دستیاب نہیں۔ ذرائع کے مطابق مغلپورہ، امامیہ کالونی ،جلوموڑ، فتح گڑھ، جی ٹی روڈ، ساندہ، باغبان پورہ، چونگی امرسدھو، رائیونڈ، بادامی باغ کے کئی علاقوں میں نشریات کئی روز سے غائب ہیں۔ تعلیم گھر نشریات پر ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے 7 لاکھ سے زائد طلباء کا مستقل دائو پر لگ گیا۔ والدین بھی " تعلیم گھر " ٹی وی کیبل پر نہ آنے سے پریشانی سے دوچار ہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے تعلیم گھر ٹی وی کی نشریات کی مانیٹرنگ پر ڈی ای اوز اور اے ای اوز کی ڈیوٹی لگا رکھی ہے لیکن نشریات کی مانیٹرنگ کے بجائے اتھارٹی کا زیادہ تر عملہ تندوروں کی نگرانی میں مصروف ہے۔ذرائع کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی نے صوبائی وزیر تعلیم کے حلقہ میں تندور کھولنے کیلئے مزید سکولوں کی آفر بھی کردی ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ پیک کے نتائج میں ضلع لاہور پہلے ہی 63 ویں نمبر پر ہے،چھٹیوں کے دوران تعلیم گھر کی نشریات کا کیبل پر فوری آغاز کیا جائےبصورت دیگر بچوں کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہوسکتا ہے۔دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میم تعلیم گھر نشریات تمام یونین کونسل میں دستیاب ہے ،نشریات نہ آنے کی صورت میں اہل علاقہ اپنے کیبل آپریٹرسے رابطہ کریں۔
یاد رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کیا گیا ہے، لاک ڈائون کے دوران تعلیمی ادارے،سرکاری دفاتر،چھوٹے بڑے کاروبار، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا نظام سبھی بند ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق لاکھوں ملازمین بیروزگار ہوچکے ہیں۔