ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سہیل آفریدی کوعمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے؛ بیرسٹر گوہر

سہیل آفریدی کوعمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے؛ بیرسٹر گوہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کر دی۔

 چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل آفریدی کے خلاف کوئی پیغام نہیں بھیجا اور نہ ہی انہیں عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور پی ٹی آئی بھی ان کی مکمل حمایت کرے گی۔

 بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ سب کو سمجھنا ہو گا کہ یہ حالات کو مزید خراب کرنے کا وقت نہیں، اس وقت سب کو ملک کے حالات بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

 دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سہیل آفریدی کے خلاف چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق چلنے والی خبر جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت ہے، جو اُن کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا ہی ایک تسلسل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اپنی خواہشات کو “ذرائع” کے نام سے پیش کرنے والے سن لیں، سہیل آفریدی کہیں نہیں جا رہے، وہ 4 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب آ رہے ہیں، تاریخ یاد رکھیں۔

 شفیع جان نے ٹوئٹ کے آخر میں یہ شعر لکھا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے۔

 وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق چلنے والی خبر جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت ہے، جو اُن کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا ہی ایک تسلسل ہے

 اپنی خواہشات کو “ذرائع” کے نام سے پیش کرنے والے سن لیں؛ سہیل آفریدی کہیں نہیں جا رہے! وہ 4 اکتوبر 2026ء کو اسلام آباد کی جانب آ رہے…  

 واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے سہیل آفریدی کو کہو اپنا عہدہ چھوڑ دے۔ اس نے میرے اور بشریٰ بی بی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے نورین نیازی سے پوچھا کتنے صوبائی اراکین اسمبلی سہیل آفریدی کے خلاف ہیں تو نورین نیازی نے بتایا کہ 35 اراکین خلاف ہیں۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کہو فوراً سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئے۔

 نورین نیازی نے کہا کہ میں نے سہیل آفریدی کی وکالت کرنا چاہی لیکن عمران خان نہیں مانے۔ انہوں نے سہیل آفریدی کو پیغام پہنچا دیا جس کے بعد انہوں نے وزارت بچانے کے لیے فوراً لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔