ویب ڈیسک : اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے دو سابق کپتانوں کلیم اللہ اور صدام حسین کو ایک اور موقع دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو دونوں سینئر کھلاڑیوں کو پرکھنے پر رضا مند ہوگئے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو افغانستان کے خلاف میچ کے لیے ممکنہ پلیئرز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایشین کپ کوالیفائر راؤنڈ تھری کا میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس کیلئے پاکستان ٹیم منiجمنٹ نے 12 اوور سیز پلیئر سمیت 37 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے۔
پاکستان کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اگلے ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے گول کیپر یوسف بٹ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ میلبرن سٹی کی نمائندگی کرنے والے احمد فراز گلزاری بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جبکہ ویلز کے رہکسم اے ایف سی میں کھیلنے والے عمر نواز کو بھی قومی فٹبال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ عمر نواز سانحہ اے پی ایس کے متاثر احمد نواز کے بھائی ہیں۔
علاوہ ازیں عادل نبی، اعتزاز حسین اور حارث زیب بھی پہلی بار پاکستان فٹبال اسکواڈ میں شامل ہیں، آؤٹس خان کو بھی قومی فٹبال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔