ویب ڈیسک : ایشیا کپ کے انعقاد اور پاک بھارت میچ کے حوالے سے دلجیت دوسانجھ کے تبصرے کے بعد اب گلوکار عدنان سمیع نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
عدنان سمیع نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ فنکار سیاست یا سیاسی نظریات کا پابند نہیں ہوتا، وہ ہمیشہ اپنے ملک کا ہوتا ہے اور اس کا فن سرحدوں کو عبور کرجاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2016 میں بھارتی شہریت حاصل کرنے والے عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ ملک بھی ایک گھر کی طرح ہے، مگر سیاست اور قومیت کو گڈمڈ نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق فنکار کو کسی مخصوص نظریے یا ایجنڈے کے ساتھ باندھنا درست نہیں، کیونکہ فن خود اپنی شناخت رکھتا ہے اور اسے زبردستی محدود نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے یہ بات دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 پر ردعمل کے تناظر میں کہی۔ واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور فلموں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جس کے باعث یہ فلم بھارت کے بجائے دیگر ممالک میں ریلیز کی گئی۔
دلجیت دوسانجھ نے اس حوالے سے کہا تھا کہ فلم کی شوٹنگ پہلگام واقعے سے پہلے مکمل ہوچکی تھی اور دھمکیوں کے باوجود انہوں نے اسے بیرون ملک ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے حالیہ میچز کے بعد وہ بہت کچھ کہنا چاہتے تھے، لیکن منفی جذبات کو ہوا نہ دینے کے لیے خاموشی اختیار کی۔