ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد؛ مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی کا ساتھ دےگی

 انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد؛ مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی کا ساتھ دےگی

سٹی42: آزاد کشمیر میں انوار الحق کو وزارتِ عظمیٰ سے بے دخل کرنے کے لئے مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کو سپورٹ کرے گی۔

پیپلز پارٹی اور مسلم  لیگ نون  کی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف مشترکہ تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ آج پیر کی شب کیا ہے۔
ن لیگ حکومت کا حصہ نہیں بنے گی تاہم پیپلزپارٹی کی حمایت کرے گی، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ مسلم لیگ نون آزاد کشمیر اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرے گی تاہم انوار الھق کو وزارتِ عظمیٰ سے نکالنے کے بعد مسلم لیگ نون نئی حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ شامل نہیں ہو گی اور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی ن کے آزاد  کشمیر اسمبلی مین تعاون کا معاملہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی فون پر گفتگو میں ڈسکس کیا گیا تھا۔ بعد میں دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے آج شام اس پر مفصل بات چیت کی اور یہ طے پایا کہ پیپلز پارٹی وزیراعظم انوار الھق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے گی اور مسلم لیگ نون اس تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاست اور  دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور نئی حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ملاقات میں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ بننے کی باضابطہ دعوت دی۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر اتفاق کا اعلان مسلم لیگ نون کے سینئیر رہنما رانا ثنا اللہ ، امیر مقام اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور  پیپلز پارٹی کے لیڈر قمر الزماں کائرہ بھی ان کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں کے سامنے آئے۔

قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) بھی ہمارے ساتھ ہوگی جبکہ مسلم  لیگ نون آزاد کشمیر حکومت سازی کا حصہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کی حکومت میں شامل نہ ہونے والی بات کو تسلیم کرلیا ہے جبکہ انہوں نے ہمارے ساتھ عدم اعتماد سے متعلق فیصلے پر اتفاق کیا ہے۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دے گی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسائل کا حل کرنے میں ناکام رہی ہے، اتفاق رائے ہے کہ ازاد کشمیر میں بہتر حکومت دینی ہے۔

آزاد کشمیر حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے۔ ان ہی خیالات کا اظہار احسن اقبال نے بھی کیا۔

 رانا ثنا اللہ نے کہا،  موجودہ مدت پوری ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔