ویب ڈیسک: سمندری طوفان "میلیسا" کیوبا سے امریکا کی جانب بڑھنا شروع ہو گیا ہے، اور امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ طوفان اب کیٹیگری 4 میں داخل ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں شدید تباہی مچا سکتا ہے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق میلیسا ایک طاقتور سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں جمیکا، ہیٹی اور ڈومینیکن ریپبلک میں انتہائی خطرناک اور جان لیوا بارشوں، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ طوفان کی زیادہ سے زیادہ رفتار 145 میل فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور اس کے اثرات 200 میل کے دائرے میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کا مرکز جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن سے تقریباً 125 میل جنوب مغرب میں واقع ہے، جبکہ کیوبا کے علاقے گوانتانامو سے 310 میل جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق یہ طوفان رواں ہفتے جمیکا سے ٹکرانے کے بعد جنوب مشرقی کیوبا اور بہاماس کے علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران سمندر کی سطح 9 سے 13 فٹ تک بلند ہو سکتی ہے، جو تباہ کن لہروں کے ساتھ ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا سکتی ہے۔ امریکی ماہر موسمیات اینڈریو کوزاک کے مطابق جمیکا کا پہاڑی علاقہ طوفان کے اثرات کو مزید سنگین بنا سکتا ہے، کیونکہ پہاڑوں سے ٹکرا کر ہوا اوپر اٹھتی ہے اور بارش کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمیکا کو 1988 کے ہولناک طوفان گلبرٹ کے بعد شاید یہ سب سے طاقتور طوفان برداشت کرنا پڑے۔ گلبرٹ طوفان میں 45 افراد جاں بحق اور 70 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔
جمیکا، ہیٹی اور مشرقی کیوبا میں 30 انچ تک بارش متوقع ہے، جس کے باعث شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا امکان ہے۔ کیوبا کے صوبوں گرانما، سانتیاگو ڈی کیوبا، گوانتانامو اور ہولگوئن میں ہریکین وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ لاس تونس صوبے میں ٹراپیکل اسٹارم وارننگ نافذ ہے۔ ادھر گوانتانامو بے کے امریکی نیول اسٹیشن نے غیر ضروری اہلکاروں اور امریکی شہریوں کو جزیرے سے نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
امریکی ہریکین سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر میلیسا موجودہ شدت برقرار رکھتا ہے تو یہ رواں سال بحرِ اوقیانوس کا سب سے طاقتور طوفان ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اگلے چند دنوں میں جمیکا اور قریبی جزائر میں تباہ کن بارشیں، زمین کھسکنے کے واقعات اور شدید ہوائیں جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ سمندری طوفان میلیسا کی پیش رفت پر امریکا سمیت پورے کیریبین خطے میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔