ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے عید صفائی آپریشن کا آغاز

 پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے عید صفائی آپریشن کا آغاز
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تاریخ کا سب سے بڑا خصوصی آپریشن کلین اپ شروع کردیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ خود براہِ راست نگرانی کررہی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے لیے 8 مختلف اداروں اور ذرائع سے براہِ راست رپورٹنگ کا مؤثر نظام فعال کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ میں متحرک ہوگئے ہیں۔

 لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور اور ساہیوال سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں ستھرا پنجاب ٹیمیں گلی محلوں میں پہنچ چکی ہیں اور صفائی سرگرمیاں جاری ہیں۔

 علی الصبح مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، بازاروں، سڑکوں اور گلیوں کی خصوصی صفائی کی گئی جبکہ مساجد اور عیدگاہوں کے راستوں کو دھو کر چونے سے مارکنگ بھی کی گئی۔

 تحصیل اور ضلعی اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامی افسران مختلف علاقوں کے دورے کررہے ہیں۔ قربانی کی آلائشیں اور باقیات مناسب مقامات پر تلف کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

 حکومت نے خبردار کیا ہے کہ گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ صفائی کے بعد علاقوں کو فنائل سے دھویا جائے گا اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔

 پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلز میں ستھرا پنجاب کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ورکرز خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ مزید 8 ہزار ورکرز اور 12 ہزار لوڈر رکشے بھی آپریشن میں شامل کیے گئے ہیں۔

 حکام کے مطابق صوبے بھر میں سوا کروڑ ماحول دوست بیگز گھروں تک پہنچائے جاچکے ہیں تاکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا جاسکے۔

 شہری صفائی سے متعلق شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کے لیے 1139 ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام شکایات کے فوری حل کی ہدایت جاری کی ہے۔