ملک اشرف : ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی کے بعد حکومت پنجاب نے بیرسٹر ظفر اللہ خان کو نیا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مقرر کر دیا ہے۔
محکمہ قانون و پارلیمانی امور پنجاب کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی ،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر ظفر اللہ خان، جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ ہیں، کی تقرری مفادِ عامہ اور آئین و قانون کے تحت حکومت پنجاب کی قانونی معاونت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔،بیرسٹر ظفر اللہ خان پنجاب حکومت کے چیف لاء آفیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے اور مختلف آئینی، قانونی اور انتظامی معاملات میں حکومت پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔وہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر متعلقہ عدالتی فورمز پر حکومت پنجاب کے مقدمات کی نگرانی اور قانونی رہنمائی کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔
دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی کو قانونی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اعلیٰ عدلیہ کے لیے نامزد کیا گیا، جسے وکلاء برادری اور قانونی ماہرین نے خوش آئند قرار دیا ہے،قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیرسٹر ظفر اللہ خان کی تقرری سے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں قانونی امور کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ محمد امجد رفیق کی بطور جج نامزدگی اعلیٰ عدلیہ میں ایک قابل اور تجربہ کار قانونی شخصیت کا اضافہ ثابت ہوگی۔