(عمر اسلم ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زینب قتل کیس ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے۔ کسی کو شفاف اور بے لاگ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں زینب قتل کیس کی تفتیش پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معصوم بچی کے قتل کیس کی تفتیش کے دوران حقائق کو مسخ کرنا ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ غلط بیانی اور بے بنیاد دستاویزات کے ذریعےابہام پیدا کرنا قومی تقاضوں کے خلاف ہے اور پنجاب حکومت نے انصاف کے منافی نہ کوئی کام کیا ہے نہ آئندہ کسی کو کرنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ قوم کی معصوم بیٹی پر جو ظلم ہوا اس پر ایسے افسوسناک رویے قومی تقاضوں کے منافی ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھاکہ وہ ذاتی طور پر کیس پر ہونے والی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے رہے ہیں۔ انصاف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔
اجلاس میں ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری کیپٹن زاہد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔