(قذافی بٹ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو بااختیار بنانے کیلئےحکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق ہوگیا،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے وزیر قانون راجہ بشارت کو کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر کا کہنا تھا کہ وزیر قانون قائمہ کمیٹیوں کو بااختیار بنانے کیلئے اپوزیشن سےملکرتجاویز مرتب کریں۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ایوان کو یقین دہانی کراتے ہوئےکہا کہ اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کومکمل بااختیار بنائیں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نےن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئےکہاکہ حکومت قائمہ کمیٹیوں کو مردہ گھوڑا نہیں بنانا چاہتی، میں نے ن لیگ کی حکومت کو بطور اپوزیشن لیڈرتجاویز دی تھیں مگر ن لیگ نے ہماری تجاویز کو ردی کی ٹوکریاں میں پھینک دیا۔
صوبائی وزیرتجارت میاں اسلم اقبال نے بھی ن لیگ کو ہدف تنقید بناتےہوئےکہا کہ آج ن لیگ کو قائمہ کمیٹیاں بااختیاربنانےکاخیال زورسےآرہاہے۔ اپوزیشن فکر نہ کرے ہم کمیٹیوں کومکمل بااختیار بنائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک ندیم کامران نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کو بااختیار بنانے کیلئےحکومت تجاویز مرتب کرے، اپوزیشن مکمل تعاون کرےگی۔