ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ نے سول جج ملک اللہ دتہ انجم کو 2 سال کیلئے دو درجے تنزلی کی بڑی سزا سنا دی

لاہور ہائیکورٹ نے سول جج ملک اللہ دتہ انجم کو 2 سال کیلئے دو درجے تنزلی کی بڑی سزا سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے سول جج ملک اللہ دتہ انجم کو دو سال کیلئے دو درجے تنزلی کی بڑی سزا سنا دی۔

جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق سول جج ملک اللہ دتہ انجم کو نااہلی اور مس کنڈیکٹ کا مرتکب قرار دیا گیا۔ یہ کارروائی پنجاب سول سرونٹس (ایفیسینسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1999 کے تحت عمل میں لائی گئی۔ انکوائری آفیسر نے تحقیقات کے بعد رپورٹ میں قرار دیا کہ جج کے خلاف لگائے گئے الزامات ثابت ہوئے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر ان کے خلاف معمولی جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ بعد ازاں یہ معاملہ معزز چیف جسٹس اور انتظامی کمیٹی کے ججز کے سامنے پیش کیا گیا، جنہوں نے انکوائری رپورٹ اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اتھارٹی نے سزا میں اضافے پر غور کرتے ہوئے متعلقہ جج کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور ذاتی سماعت کا موقع فراہم کیا۔ ذاتی سماعت مکمل ہونے کے بعد اتھارٹی نے جج کو الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف بڑی محکمانہ سزا عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملک اللہ دتہ انجم کو دو سال کی مدت کے لیے پے سکیل میں دو درجے تنزلی کی سزا دی گئی ہے۔ رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ سزا قواعد و ضوابط کے تحت دی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ یہ فیصلہ عدالتی نظام میں احتساب اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔