ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹاؤن لاہور سے تعلق رکھنے والے دو سول ججز کے خلاف مس کنڈکٹ الزامات پر شروع کی گئی محکمانہ انکوائری ختم کرتے ہوئے دونوں افسران کو الزامات سے بری قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن کچہری کے سول جج شبیر حسین اور سول جج نبیل حسین کاہلوں کے خلاف C.O.90/2025 کے تحت انکوائری 2025 میں شروع کی گئی تھی، جس میں ان پر مس کنڈکٹ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انکوائری کے دوران شواہد اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی تاہم کارروائی میں الزامات ثابت نہ ہو سکے۔ اس کے بعد انکوائری آفیسر نے اپنی رپورٹ میں دونوں افسران کو بری کرنے کی سفارش کی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی کے ججز نے مکمل ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد انکوائری ختم کرنے اور دونوں سول ججز کو الزامات سے بری قرار دینے کی منظوری دے دی۔اس فیصلے کے بعد رجسٹرار آفس نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔