سٹی42: اتوار کے روز آنے والے دوسرے زلزلہ نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ کئی علاقوں میں لوگ زلزلے کے جھٹکوں سے گھبرا کر کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
اتوار کے روز سلطنت عمان کے جنوبی حصے میں 5.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تاہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اس زلزلے کا کوئی اثر محسوس نہیں کیا گیا۔
یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) کے مطابق زلزلہ 27 اپریل 2025 کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:32 بجے پیش آیا اور اس کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی،NCM نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ اس زلزلے سے یو اے ای میں کسی قسم کا اثر یا نقصان نہیں ہوا اور صورت حال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔
اس سے پہلے آج اتوار کی دوپہر پاکستان میں سوات اور گرد و نواح میں مسلسل دوسرے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،ریکٹر اسکیل پر شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا کے علاقے سوات اور گرد و نواح میں مسلسل دوسرے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے، فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات زلزلے کی زیر زمین گہرائی 185 کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سوات اور گردو نواح میں 5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ ہندوکش کا علاقہ زلزلوں کے حوالے سے حساس تصور کیا جاتا ہے۔