ویب ڈیسک: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم سے اہم ملاقات ہوئی، سابق چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران عدلیہ کی عزت کی بات کی۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے زمان پارک میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ثاقب نثار عمران خان کی خواہش پر ان سے ملنے پہنچے، عمران خان نے ثاقب نثار کو قانونی مشوروں کے لئے بلایا تھا۔
اس حوالے سےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران عدلیہ کی عزت کی بات کی، عدلیہ کی تضحیک قابل قبول نہیں ہے، عدلیہ پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ اعلیٰ عدلیہ کے تمام ججز ایماندار اور دیانتدار ہیں۔ عمران خان نے میری تمام باتوں سے اتفاق کیا ہے۔
سابق چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ میں ریٹائرڈ آدمی ہوں کسی سے بھی مل سکتا ہوں، عمران خان نے پیغام بھجوایا کہ میں ملنا چاہتا ہوں، عمران خان نے کہا کہ عدلیہ پر تنقید سوشل میڈیا کرتا ہے۔ سوشل میڈیا کو ہم نہیں روک سکتے۔