ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یو اے ای نے پاکستان سمیت غیرملکیوں کیلئے نئی شرط متعارف کروادی  

یو اے ای نے پاکستان سمیت غیرملکیوں کیلئے نئی شرط متعارف کروادی  
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں انٹری پرمٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک نئی شرط متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت اب درخواست گزاروں کو اپنے پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کی کاپی بھی جمع کرانا لازمی ہوگی۔ یہ نیا ضابطہ اماراتی حکام کی جانب سے فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

 خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ انٹری پرمٹ کی ہر درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کا بیرونی کور پیج منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ اس ہدایت کی تصدیق امیر (Amer) سینٹر کے نمائندے نے بھی کی ہے۔

 پہلے سے موجود شرائط میں درخواست گزار کی پاسپورٹ کاپی، واضح پاسپورٹ سائز فوٹو، ہوٹل بکنگ کی تصدیق اور ریٹرن ایئر ٹکٹ شامل تھے، تاہم اب اس فہرست میں پاسپورٹ کے کور پیج کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ اچانک سامنے آنے سے کئی مسافروں اور ٹریول ایجنٹس میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ اس کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

 حکام نے اس بات پر کوئی وضاحت نہیں دی کہ کور پیج کی کاپی جمع کرانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ شرط دستاویزات کی درستگی یا شناخت کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے عائد کی گئی ہوگی۔

 ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ بعض اوقات کور پیج پر پاسپورٹ کی تیاری یا ملک کے سرکاری نشان سے متعلق اہم تفصیلات موجود ہوتی ہیں، جو تصدیقی عمل میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

 واضح رہے کہ یو اے ای دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے پرکشش مقام ہے، اسی لیے اماراتی حکام وقتاً فوقتاً ویزہ اور انٹری پالیسیز میں ترامیم کرتے رہتے ہیں۔