(ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ ’’چک دے انڈیا‘‘ اور ’’اسکیم1992‘‘ سمیت متعدد فلموں، سیریز اور ٹی وی شوز میں اداکاری کرنے والے تجربہ کار اداکار رماکانت دیاما کا آج 26مئی2026کو انتقال ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تجربہ کار اداکار رماکانت دیاما 69سال کی عمر میں انتقال کر گئے وہ کئی ماہ سے شدید بیمار تھے۔ رماکانت دیاما کی قریبی دوست اداکارہ شوبھانگی لاٹکرنے ایک جذباتی پوسٹ کے ساتھ انسٹاگرام کے ذریعے خبر شیئر کی۔ شوبھانگی لاٹکر نے رماکانت دیاما کی ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی، جس میں اداکار کو باقی کاسٹ کے ساتھ خوشی سے ناچتے اور گاتے ہوئے دیکھا گیا۔شوبھانگی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’آج ہم نے ایک شاندار اور متحرک شخص کو کھو دیا ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں اپنا دکھ بیان کروں۔ رماکانت دیاما نہ صرف میرے دوست تھے بلکہ میرے لئے خاندان کی طرح تھے۔ ایک ایسا شخص جس نے اپنی زندگی کے ہر چیلنج کا مسکراہٹ کے ساتھ مقابلہ کیا۔
رماکانت دیاما کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے، شوبھانگی نے ایک ادھوری خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے بہت سے خواب ادھورے رہ گئے۔ برسوں بعد، میں ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہتی تھی۔ ہم نے ایک ساتھ ایک خوبصورت ہندی ڈرامہ کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن وہ خواب اب ادھورا رہ گیا ہے۔
اداکار رماکانت دیاما نے شاہ رخ خان کی فلم ’’چک دے انڈیا‘‘ میں آئی ایچ ایف اہلکار کا کردار ادا کیا تھا۔ وہ کئی ڈراموں اور ٹی وی شوز میں بھی نظر آئے۔