علی ساہی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پلان نافذ کر دیا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر کی مویشی منڈیوں، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ مویشی چوری کی روک تھام کے لیے جدید اے آئی بیسڈ پریڈکٹو سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور مشتبہ سرگرمیوں کی کڑی نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں 24 گھنٹے ورچوئل پٹرولنگ کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے مویشی منڈیوں اور داخلی و خارجی راستوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے بلکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا بھی اولین ترجیح ہے۔