راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ژاؤہونگ یانگ بھی موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے وفد کو پنجاب میں جاری ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے پنجاب میں اربن کلچر میں مثبت تبدیلی آئے گی جبکہ ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ میں بہتری کیلئے بھی اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ باکو اربن فورم کے 13ویں سیشن میں “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کو سراہا گیا، جبکہ اس منصوبے کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر حصے میں الیکٹرک بس اور ای بائیک پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور صوبہ جدید شہری طرز حکمرانی کے ماڈل کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔