ویب ڈیسک:عرب دنیا اور اس سے باہر کے مسلم ممالک میں چاند دیکھنے والی کمیٹیاں 27 مئی 2025 بروز منگل کو اسلامی قمری کیلنڈر کے بارہویں اور آخری مہینے ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں گی۔
تفصیلات کےمطابق 27 مئی کو ابوظہبی میں چاند غروب آفتاب کے 38 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، اس کی عمر 13 گھنٹے 29 منٹ ہے اور سورج سے 7.7 ڈگری زاویہ علیحدگی ہے، چاند دوربینوں کا استعمال کرتے ہوئے نظرآنے کا امکان ہے۔
27 مئی کو جکارتہ میں چاند غروب آفتاب کے صرف 9 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، اس کی عمر 9 گھنٹے 2 منٹ ہو گی، جس سے اسے دوربین سے بھی دیکھنا ناممکن ہو جائے گا۔
مکہ میں چاند غروب آفتاب کے 39 منٹ بعد غروب ہو جائے گا، جس کی عمر 14 گھنٹے اور 17 منٹ ہوگی اور 8.1 ڈگری زاویہ علیحدگی ہوگی، جس سے صرف دوربین کی بنیاد پر دیکھا جا سکے گا۔
فلکیاتی حسابات سے پتہ چلتا ہے کہ نیا چاند وسطی اور مغربی ایشیا کے کچھ حصوں، افریقہ کے بیشتر حصوں اور یورپ میں دوربینوں کا استعمال کرتے ہوئے نظر آئے گا، ذی الحجہ کا چاند امریکا کے وسیع علاقوں میں دکھائی دے سکتا ہے۔
پاکستان میں سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آئی تھی، جس میں بتایا کہ ذوالحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 2 منٹ پرہوگی اور 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی۔
سپارکو کا کہنا تھا کہ سائنسی لحاظ سے 27 مئی کو ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباًنہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ 27 مئی کو غروبِ آفتاب اور چاند میں صرف37 منٹ کا مختصر وقت ہوگا۔
یکم ذوالحجہ 29 مئی کو متوقع ہے اور ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ 7جون کومنائی جائے گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت کمیٹی کرنے کی مجاز ہے۔