عیدالفطر 5 جون کو ہوگی، فواد چودھری کا اعلان

عیدالفطر 5 جون کو ہوگی، فواد چودھری کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے چاند دیکھنے اور قمری سال کے کیلنڈر کی ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عید الفطر پاکستان میں 5 جون ہوگی۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چاند دیکھنے کے لئے ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ کی ایپ پلے سٹور پر بھی موجود ہوگی جبکہ ویب سائٹ پر آئندہ پانچ سال کا قمری کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ کی منظوری کے لئے منگل کو کابینہ سے حتمی منظوری لی جائے گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے کے مطابق اب رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان میں عید الفطر 5 جون کو ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگست کو بطور سائنس و ٹیکنالوجی کا ماہ منایا جائے گا، جس میں گورنر ہائوسز میں تقریبات ہوں گی جبکہ عام شہریوں سے ٹیکنالوجی کے حوالے سے مقابلہ بھی کروائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ویڈیو کے معاملہ پر حکمران جماعت کا اجلاس ہونا ہے جس کے بعد حکومتی موقف سامنے آئے گا تاہم انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے احتساب کا جو وعدہ کیا تھا وہ اس طرح پورا نہیں ہو سکا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کچھ نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) کے بڑے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ مریم نواز کی لیڈر شپ میں کام نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ شہباز شریف فرار ہو رہے ہیں۔