خان شہزاد:پاکستان میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے کیونکہ پولٹری فارمرز کے مطابق پیداواری لاگت مسلسل بڑھنے لگی ہے۔
برائلر فارمرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اس مسئلے سے آگاہ کیا ہے۔
فارمرز کے مطابق ٹیکسز، امپورٹ بلز اور فیڈز کی بڑھتی ہوئی قیمتیں پیداواری لاگت پر براہ راست اثر ڈال رہی ہیں۔ آصف گوندل کا کہنا ہے کہ پولٹری کی ان پٹ کاسٹ کنٹرول نہیں ہو رہے اور ٹیکسز کی بھرمار کی وجہ سے برائلر کا چوزہ، فیڈ اور دیگر ریٹس بڑھ گئے ہیں۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بھی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ آصف گوندل کے مطابق صرف فیڈ اور ڈیزل کے نرخ بڑھنے سے برائلر کی لاگت میں 25 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ چند ہفتوں میں برائلر فیڈ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے پیداواری لاگت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اس وقت برائلر کی سٹارٹر فیڈ کا تھیلا 6774 روپے اوراختتامی یا فنیشر فیڈ کا تھیلا 6616 روپے میں دستیاب ہے۔ فارمرز نے کہا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹوں کا اجراء بھی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے مطابق نہیں ہو رہا، جس سے مارکیٹ میں مزید عدم توازن پیدا ہو رہا ہے۔
نتیجتاً، برائلر گوشت کی قیمتوں میں مستقبل قریب میں اضافہ متوقع ہے، اور صارفین پر مالی بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔