خالد چیمہ:سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری رہی، جس کے باعث شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صحرائی وادیوں میں بھی خوب بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ سمیت متعدد علاقوں میں کالی گھٹائیں چھائی رہیں اور وقفے وقفے سے تیز بارش ہوتی رہی، جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی آ گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صحرائی وادیوں میں بھی بارش کا پانی بہہ نکلا جس سے وادیاں سیراب ہو گئیں اور کئی مقامات پر پانی کے خوبصورت مناظر دیکھنے میں آئے۔ بارش کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔