وقاص احمد: یومِ عاشور کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ شہر بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق لاہور میں 231 مجالس اور 45 جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے عزاداری جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 12 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈویژن وار انتظامات کے مطابق سٹی ڈویژن میں 6 جلوس اور 56 مجالس، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 5 جلوس اور 34 مجالس، صدر ڈویژن میں 4 جلوس اور 37 مجالس کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح کینٹ ڈویژن میں 18 جلوس اور 46 مجالس، سول لائنز ڈویژن میں 6 جلوس اور 25 مجالس جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6 جلوس اور 33 مجالس کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عزاداری کے اجتماعات پرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوں۔