سٹی 42:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں شدید طوفان، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس پر پی ڈی ایم اے (PDMA) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں، اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو فوری طور پر متحرک کریں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں آندھی، جھکڑ اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ (کراچی، حیدرآباد، سکھر) میں طوفانی بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ پنجاب (لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ) میں گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر و خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کا ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمزور دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب نہ جائیں، نشیبی علاقوں میں جمع پانی سے بچیں، طوفان کے دوران حد نگاہ کم ہونے کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی اپڈیٹس کے لیے NDMA ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رجوع کریں۔
اس کے علاوہ اہم ہدایات میں 1122 سمیت تمام ریسکیو ادارے مشینری و عملے سمیت الرٹ رہیں, نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو ترجیح دی جائے, شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت اور بچوں کو جمع پانی اور کھلے مقامات سے دور رکھیں۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ اسپیل یکم جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے جبکہ 15 جولائی سے موسلادھار بارشوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔