مانیٹرنگ ڈیسک: ایک لمبے عرصے کے بعد لاہور آنے والے سابق صدر آصف علی زرداری کا لاہور مشن مکمل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور کے دورے کے دوران عام انتخابات سے قبل پنجاب میں ن لیگ کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اینٹی ن لیگ الائنس بنانے کا ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ۔اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دوبارہ زور پکڑنے کے لیے اہم مقاصد حاصل کر لیے۔ذرائع کے مطابق سابق صدر نے دورہ لاہور میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ جس کے دوران جہانگیر ترین گروپ سے الائنس کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور ن لیگ کے اکثر رہنماؤں نے سابق صدر کو مناسب وقت پر پیپلزپارٹی میں شمولیت کی یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب میں متحرک کرنے کے حوالے سے جنوبی پنجاب میں مخدوم احمد محمود، فیصل صالح حیات اور یوسف رضا گیلانی کو اہم ٹاسک سونپ دیے گئے۔ سنٹرل پنجاب سےقمرالزمان کائرہ، حسن مرتضی، چوہدری منظور اورنگزیب برکی، قاسم ضیاء کو اہم ذمہ داریاں دے دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری آئندہ ماہ میں دوبارہ لاہور کا دورہ کریں گے۔ اور کشمیر الیکشن مہم کے بعد بلاول بھٹو بھی لاہور میں ڈیرے ڈالیں گے۔