جی پی او چوک (ملک ا شرف) لاہور ہائیکورٹ میں میاں محمد شہباز شریف سمیت دیگر کے نیب مقدمات کی سماعت کیلئے نیا دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر نیب اور فوجداری کیسز سنیں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد عدالتی چھٹیوں کے دوسرے ہفتے کے دوران 29 جون سے مقدمات کی سماعت کیلئے ججز روسٹر جاری کر دیا گیا، پرنسپل سیٹ پر ججز روسٹر میں 7 ڈویژن اور 20 سنگل بنچز شامل ہیں، ڈویژن بنچ نمبر 1 چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ہوگا، چیف جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔
ڈویژن بنچ نمبر 2 میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس علی باقر نجفی، ڈویژن بنچ نمبر 3 میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس شمس محمود مرزا، ڈویژن بنچ نمبر 4 میں جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس رسال حسن سید، ڈویژن بنچ نمبر 5 میں جسٹس مس عالیہ نیلم اور سید شہباز علی رضوی، ڈویژن بنچ نمبر چھ میں جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی، ڈویژن بنچ نمبر سات میں جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر شامل ہونگے۔
دو رکنی بنچز پیر سے جمعرات تک کیسز کی سماعت کریں گے، دو رکنی بنچز میں شامل تمام ججز سنگل بنچز میں بھی شامل ہوں گے، صرف سنگل بنچز میں کام کرنے والے ججز میں ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج شامل ہوں گے ، جسٹس چودھری مسعود جہانگیر، جسٹس فیصل زمان خان ، جسٹس مسعود عابد نقوی ، جسٹس شکیل الرحمان خان بھی صرف سنگل بنچ میں سماعت کریں گے۔