فاران یامین: لاہور کے بیدیاں روڈ پر قائم سپورٹس زون میں سمر اسپیشل کے زیرِ اہتمام فن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں، خواتین اور مردوں سمیت مختلف عمر کے 100 سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق بچوں کے لیے ایک کلومیٹر جبکہ بڑوں کے لیے پانچ کلومیٹر کی الگ الگ ریس کا اہتمام کیا گیا۔ پانچ کلومیٹر ریس سپورٹس زون کے ریسنگ سرکٹ میں منعقد ہوئی، جہاں شرکاء نے مقررہ فاصلہ مکمل کرنے کے لیے ٹریک کے پانچ چکر لگائے۔
بچوں کی ریس میں 15 سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا، جبکہ بڑوں کی کیٹیگری میں 100 سے زائد مرد و خواتین شریک ہوئے۔ خواتین کی نمایاں شرکت نے ایونٹ کو مزید پرجوش بنا دیا۔
شرکاء نے اس نوعیت کی صحت مند اور تفریحی سرگرمی کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور عوامی شرکت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔