ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کم ہونے کی امیدیں ختم

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کم ہونے کی امیدیں ختم
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عثمان خادم:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی میں کمی کی امیدیں ایک بار پھر ختم ہونے لگی ہیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چاول، دودھ اور گوشت سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2050 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 610 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ میں چاول 310 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ روٹی کا سرکاری نرخ 14 روپے مقرر ہونے کے باوجود بعض علاقوں میں 20 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ بھی سرکاری نرخ 170 روپے کے بجائے 210 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ دہی 230 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ سبزیوں اور دیگر اشیاء کی دستیابی بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق نہیں ہو رہی۔

گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق سامنے آ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق 800 روپے فی کلو سرکاری قیمت والا بیف 1500 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 3000 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔