ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون:اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے کھڑے بارشی پانی کی نشاندہی،24گھنٹے مانیٹرنگ

مون سون:اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے کھڑے بارشی پانی کی نشاندہی،24گھنٹے مانیٹرنگ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مون سون بارشوں کے دوران واسا ڈسٹرکٹس میں نکاسی آب کے آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید مشینری اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کام میں تیزی لائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق صوبے بھر میں ایک ہزار سے زائد مشینیں اور ہزاروں واسا ورکرز فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ بارشی پانی کے جمع ہونے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے 300 جدید کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کیا گیا ہے، جہاں اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے کھڑے بارشی پانی کی بروقت نشاندہی کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور واسا کے درمیان مؤثر اشتراک کار کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں کے انڈر پاسز میں 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واسا ڈسٹرکٹس کے فیلڈ آپریشن بلا تعطل جاری رکھے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سینکڑوں گھنٹوں پر مشتمل آپریشنز کے دوران واسا ٹیمیں مسلسل عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اب تک 400 کلومیٹر سیوریج لائن، 700 کلومیٹر سے زائد ڈرینز اور سوا دو لاکھ مین ہولز کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے۔

نئے واسا ڈسٹرکٹس کو ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینیں، سیور جیٹنگ مشینیں، ویل ایکسکیویٹرز اور سیوریج ڈی سلٹنگ مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید برآں، مرکزی ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جبکہ 134 رین گیجز کے ذریعے بارشوں کا ڈیٹا مسلسل مرتب کیا جا رہا ہے۔ واسا ورکرز جدید آلات کے ساتھ ہر وقت فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر شہر میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے نکاسی آب کے تیز رفتار اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہفتوں پر محیط کام اب چند گھنٹوں میں مکمل ہوتے دیکھے جا رہے ہیں۔