ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان جگن کاظم نے نوجوان اداکارہ علیزے شاہ کی شکایت پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے عوامی سطح پر معافی مانگ لی۔ جگن کاظم کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔
اداکارہ علیزے شاہ نے حالیہ دنوں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے چند سینئرز پر ناروا رویے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ سال پہلے ایک موقع پر جگن کاظم نے ان کے گرنے کی نقل اتاری تھی جس سے انہیں شدید دکھ پہنچا اور وہ خود کو تذلیل کا شکار محسوس کرنے لگیں۔
علیزے کے بیان کے بعد جگن کاظم نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے نہ صرف علیزے شاہ سے معافی مانگی بلکہ ان کے جذبات کو سنجیدگی سے سنا اور تسلیم بھی کیا۔
جگن کاظم نے کہا کہ علیزے بیٹا! اگر میری کسی حرکت سے تمہیں دکھ پہنچا ہے تو میں دل سے معذرت خواہ ہوں۔ ویڈیو چار سال پرانی ہے اور مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ کسی کو اس حد تک متاثر کر سکتی ہے۔ اگر تم مجھے میسج کرتیں تو میں فوری معافی مانگ لیتی۔ میں خود بھی انڈسٹری میں بُلنگ کا سامنا کر چکی ہوں، اس لیے تمہاری بات سمجھ سکتی ہوں۔
جگن کاظم کے اس بردبار، عاجزانہ اور بالغ نظری پر مبنی رویے کو سوشل میڈیا صارفین نے قابلِ تعریف اور قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے لکھاکہ جگن کاظم نے جو کیا، وہی رویہ سینئرز کو اپنانا چاہیے۔ یہ نہ صرف ان کی تربیت کا ثبوت ہے بلکہ ان کی انسانیت بھی ظاہر کرتی ہے۔ وہی دوسری جانب کچھ صارفین نے علیزے شاہ کی ہمت کو بھی سراہا کہ انہوں نے اپنے دکھ کا اظہار کیا اور خاموش نہ رہیں۔