( سٹی 42 ) آئی ٹی کمپنی ’’ ایپل‘‘ کا رواں برس ماہ فروری کے دوران ’’ سری‘‘ کا جدید ورژن متعارف کروانے کا اعلان، ایپل ’’ سری‘‘ میں گوگل کے جیمینی اے آئی ماڈلز کو شامل کریگا جو جون 2024 میں کئے گئے اعلانات کے مطابق صارف کے ذاتی ڈیٹا اور آن اسکرین مواد تک رسائی کے ذریعے مختلف کام مکمل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔
فروری میں آنے والا یہ اپڈیٹ جون میں ہونے والی ایپل کی ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس میں بڑے اپڈیٹ کیلئے پیش خیمہ ہوگا، جدید سری مزید بات چیت پر مبنی ہوگا جس کا انداز مشہور اے آئی چیٹ بوٹس جیسے چیٹ جی پی ٹی کی طرح ہوگا اور یہ ممکنہ طور پر گوگل کے کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر بھی چل سکے گا۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایپل کو اپنی اے آئی حکمت عملی کو آگے بڑھانے میں داخلی مشکلات کا سامنا ہے، 2025 میں کمپنی کی اے آئی ٹیم اپنی توقعات پر پورا نہ اتر سکی تھی جس کے بعد گوگل کے ساتھ حالیہ تعاون اور اے آئی چیف جان جیانانڈریا کے رخصت ہونے کی خبریں آئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جیمینی پاورڈ سری ایپل کے اے آئی منصوبوں میں ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتا ہے جس سے وائس اسسٹنٹس اور جدید اے آئی ڈریوین ڈیجیٹل ہیلپرز کے درمیان فرق کم ہو سکتا ہے۔