ویب ڈیسک: سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کارکنوں کے لیے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے کام کے اوقات، ہفتہ وار چھٹی، اوورٹائم اور تنخواہ سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں، تاکہ کارکنان اپنے قانونی حقوق سے مکمل آگاہی حاصل کر سکیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ آگاہی گائیڈ لائنز کے مطابق سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کے لیے معیاری اوقاتِ کار روزانہ زیادہ سے زیادہ آٹھ گھنٹے یا ہفتے میں 48 گھنٹے مقرر ہیں۔
بیورو کے مطابق ملازمین کام کے دوران مناسب آرام کے بھی حقدار ہیں، تاہم انہیں اپنے فرائض اور کام کے تسلسل کو یقینی بنانے کی بھی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ پالیسی کے تحت ہر ملازم کو ہفتے میں کم از کم ایک پورا دن آرام یعنی ہفتہ وار چھٹی دی جائے گی، جو مسلسل چھ کام کے دنوں کے بعد فراہم کی جائے گی۔
گائیڈ لائنز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار چھٹی عام طور پر جمعہ کے دن ہوتی ہے، تاہم اگر کام کی نوعیت یا ضروریات کے باعث جمعہ کو چھٹی ممکن نہ ہو تو آجر متبادل دن پر چھٹی دینے کا پابند ہوگا۔
بیورو نے اوورٹائم کے حوالے سے بھی وضاحت کی ہے کہ اگر ملازم سے معیاری آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام لیا جائے تو اسے اوورٹائم تصور کیا جائے گا، جس کے عوض ملازم کو اس کی معمول کی اجرت سے 50 فیصد اضافی ادائیگی کرنا لازم ہوگی۔