ویب ڈیسک: آن لائن گیمنگ بل کے بعد 358 کروڑ روپے کا اسپانسرشپ معاہدہ ختم کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں آن لائن گیمنگ بل 2025 کے بعد’ریئل منی گیمز ‘ پر پابندی عائد ہوگئی ہے، اسی وجہ سے بی سی سی آئی اور ڈریم 11 کا تعلق ختم کر دیا گیا، کرکٹ بورڈ مستقبل میں بھی ایسی کسی بھی کمپنی سے تعلق نہیں رکھے گا۔
ڈریم 11 کا بی سی سی آئی کے ساتھ 44 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 358 کروڑ روپے بھارتی روپے) کا معاہدہ 2023 سے 2026 تک کا تھا، ڈریم 11 اور مائی 11 سرکل مل کر بی سی سی آئی کو سالانہ تقریباً 1000 کروڑ روپے اسپانسرشپ سے فراہم کرتے ہیں۔
نئے قانون کے مطابق بھارت میں اب کوئی بھی شخص آن لائن منی گیمنگ سروس فراہم، فروغ یا اس کی تشہیر نہیں کرسکتا، اگرچہ سوشل گیمنگ اورسبسکرپشن بیسڈ استعمال کی اجازت ہے لیکن ریئل منی گیمنگ پرپابندی سے ڈریم 11 کی زیادہ تر آمدنی ختم ہو گئی۔
دوسری جانب مذکورہ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ہمیشہ قانون کی پاسداری کرتے رہے ہیں، اگرچہ ہمیں لگتا ہے کہ ترقی پسند قانون بہتر راستہ ہوتا لیکن ہم اس بل کا مکمل احترام کرتے ہیں اور تعمیل بھی کریں گے۔
ادھر ایک فینٹسی گیمنگ ماہر کے مطابق بل میں ریئل منی گیمنگ پر پابندی پہلے ہی سب کے لیے واضح اشارہ تھا، یہ بڑی کمپنیز کی آمدنی کا 90 فیصد حصہ ہے، اب دیکھنا یہ ہوگا کہ مائی 11 سرکل کیا قدم اٹھاتی ہے، یہ کمپنی بھی بی سی سی آئی کو آئی پی ایل کی اسپانسر شپ کے لیے سالانہ 125 کروڑ روپے دیتی ہے۔
کرکٹرز کے انفرادی اشتہارات پر بھی یہ پابندی سخت منفی اثر ڈالے گی۔ بھارتی ٹیم نیا جرسی اسپانسر نہ ملنے پر ایشیا کپ میں بغیر لوگو کے شریک ہوگی، نئے قانون کے بعد بینکوں نے بھی گیمنگ کمپنیز کے ساتھ لین دین روک دیا ہے۔